سندھ اسمبلی کی ایک نشست کے لیے ضمنی انتخاب سے قبل کراچی شہر ایک مرتبہ پھر کشیدگی کی لپیٹ میں ہے اورگزشتہ چھتیس گھنٹوں میں متحدہ قومی موومنٹ کے پانچ کارکنوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔
سندھ حکومت نے پی ایس چورانوے میں ضمنی انتخابات کے موقع پر فوج کی تعیناتی کی درخواست کی ہے، اس حلقے میں اتوار کے روز انتخابات ہونا ہیں۔
کراچ سے بی بی سی اردو کے نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق صوبائی محکمہ داخلہ نے وفاقی وزارتِ دفاع سے فوج کی تعیناتی کی درخواست چیف الیکشن کمشنر حامد مرزا کی سفارش پر کی ہے، جس میں ہفتہ، اتوار اور پیر تین روز حلقے میں فوج کی تعیناتی کی گزارش کی گئی ہے۔
پی ایس چورانوے ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی رضا حیدر کے قتل کے بعد خالی ہوئی تھی اور بعد میں ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے بعد ایم کیو ایم کی درخواست پر یہاں الیکشن ملتوی کر دیے گئے جس پر حکومت میں شامل عوامی نیشنل پارٹی نے ناراضگی کا اظہار کیا اور صوبائی اسمبلی کے اجلاسوں میں بھی شرکت نہیں کی۔
اس نشست پر ایم کیو ایم کے سیف الدین خالد اور عوامی نیشنل پارٹی کے ریاض گل کے درمیان مقابلہ ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنا امیدوار نامزد نہیں کیا تھا۔ اورنگی اور نارتھ ناظم آباد کے علاقوں پر مشتمل حلقے میں ووٹروں کی تعداد ایک لاکھ تینتیس ہزار ہے جبکہ چھیاسی پولنگ اسٹیشن ہیں جن سب کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
ایم کیو ایم کو پریشان کرنے کے لیے جرائم پیشہ گروہوں کو سرگرم کیا جا رہا ہے جنہیں سیاسی پشت پناہی حاصل ہے۔
فیصل سبزواری
دوسری جانب گزشتہ چھتیس گھنٹوں میں متحدہ قومی موومنٹ کے پانچ کارکنوں کو قتل کیا گیا ہے جن میں سے دو کا تعلق اسی حلقے سے تھا۔ جمعرات کی صبح ملیر ہالٹ کے علاقے میں ایک کار سے پولیس نے تین لاشیں برآمد کی ہیں، جن کی شناخت خالد حسین، شہباز اور محمد صابر کے نام سے ہوئی ہے۔
اس سے قبل بدھ کو سعید آباد اور ماری پور سے تیس سالہ آصف اور بتیس سالہ اظہار الحق کی تشدد شدہ لاشیں ملی تھیں، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کا تعلق قصبہ کالونی سے ہے دونوں کو اغوا کر کے قتل کیا گیا ہے۔
سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی رہنما فیصل سبزواری نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ایم کیو ایم کو پریشان کرنے کے لیے جرائم پیشہ گروہوں کو سرگرم کیا جا رہا ہے جنہیں سیاسی پشت پناہی حاصل ہے‘۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ان واقعات کا تعلق ضمنی انتخابات سے بھی ہے تو اس کا مقصد یہ ہوسکتا ہے وہاں ماحول میں اشتعال لایا جائے ایم کیو ایم کے کارکنوں کے دلوں میں خوف لایا جائے اور لوگوں کے ذہن میں یہ لایا جائے کہ یہ پرتشدد انتخابات ہوں گے، مگر ایم کیو ایم کی یہ تاریخ ہے کہ اس نے پرامن طریقے سے الیکشن جیتے ہیں۔
فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ پی ایس چورانوے پر ہمیشہ ایم کیو ایم نے کامیابی حاصل کی ہے اور مخالف جماعت کی گزشتہ انتخابات میں ضمانت ضبط ہوگئی تھی۔
No comments:
Post a Comment